
منیجنگ ڈائریکٹر کارپوریشن کی بریفنگ ،اسامہ لغاری نے تعیناتی پر مبارکباد بھی پیش کی
لاہور (کامرس رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ لغاری نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر کے نئے تعینات ہونے والے منیجنگ ڈائریکٹر علی ارشد رانا سے ملاقات اور عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن نے پارلیمانی سیکرٹری کو محکمے کے امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1976میں قائم ہونے والا ادارہ کسانوں کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور زراعت نہ صرف صوبے پورے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ’’ بیج شاندار فصل شاندار ‘‘ کے سلوگن کے تحت اپنے منصوبے ترتیب دیں گے جس میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے محکمے کو تین دہائیاں پہلے کی طرح ترقی اور عروج دینا ہے ۔پنجاب سیڈ کارپوریشن کا ادارہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق زراعت کی ترقی کے لئے کام کرے گا اور اس کے لئے ادارے کے تمام عملے کو 100روز کا ہدف دیدیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی معیاری بیجوں سے ممکن ہے جس کے لئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے ، ہم زیادہ پیداوار دینے والے بیجوں کی تیاری کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو جلد جامع بریفنگ دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ جو افسران اور اہلکار کام کریں گے ان کی ستائش کی جائے گی جبکہ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔پارلیمانی سیکرٹری اسامہ لغاری نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ ہم نے پنجاب کو ہرطرح کی اجناس میں خود کفیل کرنا ہے تاکہ خوراک کے درآمدی بل میں کمی واقع ہو سکے ۔