23-03-2025

پہچان کا سفرفسانہ


پہچان بنانے کا سفر بیس برس قبل شروع ہوا۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ڈاکٹر نعیم ظفر چاہتے تو بچوں کا علاج کر کے گھر بھیجتے رہتے اور اس مشق کو روزانہ دہراتے رہتے مگر انہیں ایک فکر لاحق تھی کہ آخرایسا کیوں ہو رہا ہے، اگر بیس بچے صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹتے ہیں تو اگلے ہی روزعلاج کیلئے بیس مزید بچے کیوں آ جاتے ہیں، وہ متجسس تھے، سدباب سے قبل محرکات اور اسباب جاننا چاہتے تھے۔ انہوں نے کچھ کرنے کی ٹھان لی اور بچوں کوبیماریوں، بدسلوکی اور غفلت سے بچانے اور مدد فراہم کرنے کیلئے پہچان Protection And Help Of Children Against Abuse And Neglect کی داغ بیل ڈالی۔ پہچان ایک ایسی غیر منافع بخش تنظیم ہے جو پاکستان میں کئی خاندانوں کے بہتر مستقبل کیلئے کام کر رہی ہے۔
خاص بات یہ کہ بچوں میں پائے جانے والے صحت کے عوارض پر کام کرتے کرتے یہ تنظیم بچوں کی ماں تک پہنچی جہاں سے صحت کی خرابی کی اصل کہانی شروع ہوتی ہے۔ لہذا گزشتہ دو دہائیوں سے پہچان خاندانی معاونت، والدین اور متبادل سرپرستوں کی ضروری تربیت اور آگاہی فراہم کرنے اور خاندانوں کو مالی و اقتصادی طور پر مستحکم بنانے کے میدان میں انتھک کام کر رہی ہے، تاکہ ملک میں ہزاروں گھروں کی زندگیوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ پہچان کا یقین ہے کہ اگر خاندانوں کو بنیادی صحت، اقتصادی استحکام اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں تو اس سے نہ صرف ان کی زندگیاں سنوریں گی بلکہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی ایک روشن مستقبل محفوظ بنایا جا سکے گا۔
پہچان بچوں کو ایک ایسی پہچان دینا چاہتی ہے جس کے تحت وہ نہ صرف صحت مند ہوں بلکہ سدا مسکراتے رہیں۔ وہ ایک ایسے ماحول میں پروان چڑھیں جہاں بہتر پرورش کے ساتھ تحفظ بھی ہو اور سیکھنے، آگے بڑھنے اور ترقی کے مواقع بھی ہوں۔ جہاں ان کی بہتر نگہداشت ہو اور ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ پہچان کے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ لاہور، راولپنڈی، اوکاڑہ، راجن پور، ملتان، بہاولپور اور اٹک میں کام کر رہے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں اس کو وسعت دینے کی راہیں ہموار کی جا رہی ہیں۔
پہچان کے تین نمایاں پراجیکٹس چائلڈ پروٹیکشن یونٹ، علم پاور لرننگ سنٹر اور خوشحال خاندان پروگرام ہے۔ بچے اور ماں کی صحت کے مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ''پہچان'' نے ایک ایسا مرکز قائم کرنے کا خواب دیکھا جہاں کمیونٹی کو ہنگامی صورتحال پیدا ہونے سے پہلے ہی بنیادی اور حفاظتی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہی ویژن ''پہچان خوشحال خاندان پروگرام'' کی بنیاد ہے، جس کا مقصد ماں اور بچوں کو سستی اور معیاری بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے، ایک ایسی کمیونٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہے اور نہ صرف ماں اور بچوں بلکہ والد حضرات کیلئے بھی ایک صحت مند اور معاون نظام فراہم کررہی ہے اور یہ سب ماں سے شروع ہوتا ہے۔یہ منصوبہ غربت زدہ علاقوں میں ''ماں اور بچہ صحت مرکز'' کے قیام سے شروع ہوا، جس کا آغاز پنجاب سے ہوا اور پھر پورے پاکستان میں پھیلایا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد ہر بچے کو زندگی کے پہلے 1,000 دنوں میں مناسب دیکھ بھال فراہم کرنا ہے تاکہ وہ صحت مند اور مضبوط نشوونما حاصل کر سکے اور ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکے ۔
پہچان جیسے اداروں کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ سرکاری سطح پر بچوں کے تحفظ، صحت اور تعلیم سے متعلق مضبوط قوانین بنائے جائیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔بچوں کے حقوق کیلئے مخصوص پالیسیوں میں پہچان جیسے اداروں کے تجربات اور تجاویز کو شامل کیا جائے۔
وزارت صحت، وزارت تعلیم اور سماجی بہبود کے اداروں کے ساتھ پہچان کے اشتراک سے بچوں اور خاندانوں کی بہتری کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں اور ہسپتالوں، سکولوں اور کمیونٹی سینٹرز میں پہچان کے تربیتی پروگرامز متعارف کرائے جائیں۔یہ امر بھی ضروری ہے کہ سرکاری بجٹ میں بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے مخصوص فنڈ مختص کیا جائے۔پہچان جیسے اداروں کو وسائل کی فراہمی میں مدد دی جائے تاکہ وہ اپنا دائرہ کار بڑھا سکیں۔ اس مقصد کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری سطح پر بچوں کی بہبود اور خاندانی استحکام کیلئے ٹی وی، ریڈیو اور سوشل میڈیا پر آگاہی مہمات چلائی جائیں اور سکولوں اور کمیونٹی سینٹرز میں پہچان کے پیغامات کو عام کیا جائے۔ انفرادی سطح پر ہم پہچان کے مختلف پروگرامز میں رضاکارانہ طور پر شامل ہو کر بچوں اور والدین کی مدد کر سکتے ہیں۔ڈاکٹرز، اساتذہ، وکلا، صحافی اور دیگر پروفیشنلز اپنی مہارت کے ذریعے بچوں اور خاندانوں کی فلاح میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس، کمیونٹی گروپس اور عوامی مقامات پر پہچان کے مشن سے متعلق معلومات پھیلاسکتے ہیں۔ اپنے محلوں اور علاقوں میں بچوں کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے مقامی سطح پر آگاہی مہمات شروع کر سکتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ اگر کسی بچے پر ظلم یا غفلت کا مشاہدہ ہو تو متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے اور پہچان جیسے اداروں سے رابطہ کیا جائے۔یہ تمام اقدامات پہچان کے مشن کو نہ صرف فروغ دیں گے بلکہ ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال معاشرے کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
گزشتہ دنوں ہمارے دوست اشرف سہیل اور خواجہ آفتاب حسن نے پہچان کی ٹیم سے ملاقات کا اہتمام کیا ،جہاں ڈاکٹر نعیم ظفر اور ان کی ٹیم سے مل کر اندازہ ہوا کہ یہ لوگ نہایت مخلصانہ انداز میں بے لوث ان خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں جن کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
خواجہ آفتاب حسن اور اشرف سہیل درد دل رکھنے والے اصحاب ہیں، انہی دوستوں کی وجہ سے ہمیں پہچان کی پہچان ہوئی۔ اس میٹنگ میں جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب عمران شیخ بھی شامل تھے جنہوں نے پہچان ٹیم کو بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ عمران شیخ ایک متحرک صحافی اور لاہور پریس کلب کی اہم ذمہ داری پر تفویض ہیں، امید ہے وہ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ دکھ بانٹنے والی اس میٹنگ میں سینئر صحافی امجد اقبال، عبدالحفیظ مغل، ضمیر آفاقی، شیر علی خالطی، محسن علی سمیت بہت سے صحافیوں نے شرکت کی جنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے تئیں پہچان کے کارِ خیر میں حصہ ڈالیں گے۔اپنی استطاعت کے مطابق پہچان کو عطیات دے کر اس کے مشن کو مضبوط بنا یا جا سکتا ہے۔پہچان اپنے اگلے پراجیکٹ ملتان، اوچ شریف اور لیہ میں شروع کرنے جا رہی ہے۔پہچان کا رابطہ نمبر 0301-1126012 ہے، مخیر حضرات اور کارپوریٹ سیکٹر کے افراد پہچان کے منصوبوں کو درجِ ذیل بینک اکانٹ کے ذریعے سپانسر کر سکتے ہیں۔
Account Title
PAHCHAAN
Account Number:
0000132011029887
IBAN Number:
PK50 SAUD
0000132011029887
Bank Name: