14-06-2025

ہندوستان میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں کو تعصب اور ظلم کا سامنا ،شدت پسندی بڑھتی جا رہی ہے
ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے ، خود کفیل بنانے پر توجہ دینا ہو گی:رہنماؤں ، کارکنوں سے گفتگو



اسلام آباد(بیورورپورٹ) صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے بھارت کے شدت پسندانہ ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں ،صدر آصف زرداری سے ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ملاقات کی اورعید کی مبارکباد دی، صدر مملکت نے کہا ہمیں اپنے ملک اور دھرتی سے وفا کرنی ہے اور اس کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے، ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور خود کفیل بنانے پر توجہ دینا ہو گی، پاکستان میں ترقی کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، زراعت ہماری معیشت کی بنیاد ہے، ملک کو زرعی شعبے کی بنیاد پر ترقی دینے کی ضرورت ہے، کسانوں کو سپورٹ کرکے ملکی معیشت کو ترقی دے سکتے ہیں، آصف زرداری نے بھارت کا بڑھتی شدت پسندی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں اور عیسائیوں کو تعصب اور ظلم کا سامنا ہے، بھارت کے شدت پسندانہ ہندوتوا نظریے سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں،صدر مملکت نے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔