14-06-2025

کم چشمی علاقے کی حفاظت کیلئے 30 سے 40 افراد پر مشتمل کمیٹی بنائی جائیگی،انتظامیہ کاتعاون حاصل ہو گا
فتنہ الخوارج کے حامیوں کو وارننگ دی جائے گی باز نہ آئے تو قانون کے حوالے کیا جائے گا: قبائلی عمائدین



بنوں (نمائندہ مشرق)بنوں میں اہم جرگہ ہوا جس میںفیصلہ کیا گیا فتنۃ الخوارج کے تدارک کیلئے انتظامیہ کا مکمل ساتھ دیا جائیگا، فتنہ الخوارج کے حامیوں کو وارننگ دی جائے گی وہ باز نہ آئے تو قانون کے حوالے کیا جائے گا،اطلاعات کے مطابق بنوں پولیس سٹیشن ڈومیل کے علاقے کم چشمی میں ہونیوالے جرگے میں طاؤس خیل قبیلے کے تقریباً 280 سے 300 مقامی افراد نے شرکت کی،جرگے کا مقصد علاقے میں فتنہ الخوارج گروہ کی موجودگی کی اطلاعات پر امن و امان کی صورتحال کو زیرغور لانا تھا، جرگے میں ممتاز مقامی رہنماؤں ملک توانی، ملک ناصر اور فرید خان نے بھی شرکت کی،ذرائع کے مطابق جرگے میں اہم نکات پر فیصلہ کیا گیاکم چشمی علاقے کی حفاظت کیلئے 30 سے 40 افراد پر مشتمل مقامی کمیٹی بنائی جائے گی، کمیٹی کو مقامی انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کے ساتھ تعاون فراہم کیا جائے گا، جرگہ میں یہ بھی فیصلہ ہوا مقامی بزرگ ان گھروں کا دورہ کریں گے جہاں فتنہ الخوراج گروہوں سے تعلق رکھنے یا ان کیلئے ہمدردی رکھنے والوں کا شبہ ہے، ایسے افراد کو سختی کے ستھ خبردار کیا جائیگا باز نہ آئے تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جائیگا اگر فتنہ الخوارج یا ان کے گروہ کو کم چشمی کے علاقے میں دیکھا گیا تو لاؤڈ سپیکر پر اعلان کیا جائے گا،جرگہ کے فیصلہ کے مطابق مقامی افراد کی ذمہ داری ہے وہ ان عناصر کی گرفتاری میں کردار ادا کریں، مقامی افراد نے علاقے میں امن قائم رکھنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔