14-06-2025

سرگودھا میں سب سے زیادہ 47 ، لاہور، ملتان، فیصل آباد سمیت میدانی علاقوں میں 45 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ
آنیوالے دنوں میں درجہ حرارت 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا،ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دئیے:ترجمان



لاہور(سٹاف رپورٹر) سورج سوا نیزے پر ،پنجاب میں 13 جون تک ہیٹ ویو اور گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آنیوالے دنوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا ، جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، سرگودھا میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری ، لاہور، ملتان، فیصل آباد سمیت میدانی علاقوں میں45 ڈگری تک درجہ حرارت ریکارڈ ہوا،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ساہیوال، اوکاڑہ، منڈی بہاؤالدین، خانیوال، قصور، لیہ، جھنگ اور حافظ آباد میں 40 سے 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں،دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم ہیں، پنجاب کی ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔