
کراچی(بیورورپورٹ) پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب ایکسپو سینٹر کراچی میںہوئی، سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز صالح الجاسر تقریب کے اعزازی مہمان تھے، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی، تقریب میں آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اعزازی مہمان اور مہمان خصوصی کا استقبال کیا، ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان کے بحری شعبے کی استعداد کو اجاگر کرتے ہوئے کہا شعبہ قومی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، انہوں نے بلیو اکانومی کی اہمیت کے حوالے سے عوام میں آگاہی کے فروغ اور ملکی بحری وسائل کو اجاگر کرنے کیلئے میری ٹائم ایکسپو کے انعقاد پر پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا، مہمان خصوصی نے باضابطہ طور پر ایکسپو کے افتتاح کا اعلان کیا، یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی ، بعد ازاں ایکسپو کے مختلف سٹالز کا بھی دورہ کیا،4 روزہ ایونٹ پاک بحریہ کی جانب سے وزارت بحری امور کی سرپرستی میں 6 نومبر 25 تک جاری رہے گا، 44 ممالک کے وفود اور 178 بین الاقوامی و ملکی نمائش کنندگان کی شرکت پاکستان کے بحری شعبے میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کی عکاس ہے،پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس قومی و بین الاقوامی سطح پر بحری شعور بڑھانے اور پاکستان کی بلیو اکانومی کی بے مثال صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی نمایاں کوشش ہے،تقریب میں سول و عسکری قیادت، بین الاقوامی وفود، صنعت اور کاروباری حلقوں کے معزز نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔