10-12-2025

ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد ایک انچ کی غلطی بھی نا اہلی کا سبب بن سکتی ہے،خواہش ہے کنڈی ہی گورنر کے پی رہیں
دیوار پر ٹکر مارتے رہیں ،دیوار کو کچھ نہیں ہونا،عمران خان سے ملاقات کرنی ہے تو وزیراعظم اور صدر سے ملنا ہوگا



اسلام آباد(بیورورپورٹ) سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا بدمعاشی کریں گے تو گورنر راج لگ سکتا ہے،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا وزیراعلیٰ اپنا کام کریں بدمعاشی کی تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے،میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سے کہوں گا وہ اپنی حکومت چلائیں، ہائیکورٹ کے آرڈر کے بعد ایک انچ کی غلطی بھی نا اہلی کا سبب بن سکتی ہے، ہم نہیں چاہتے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگے، اگرآپ نے غنڈہ گردی کرنی ہے تو پھرہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچے گا، ہماری خواہش ہے فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختونخوا رہیں، اگر کسی اور نام کا قرعہ نکلتا ہے تو وہ پھر سیاسی نہیں ہوسکتا، فیصل کریم کنڈی کے نام پر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ،سینیٹر نے کہا اگر اب بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش ہے تو دیوار پر ٹکر مارتے رہیں ،دیوار کو کچھ نہیں ہونا اور دیوار سے کچھ نہیں ملنا،عمران خان سے ملاقات کرنی ہے تو وزیراعظم اور صدر سے ملنا ہوگا، آصف زرداری کے پاس ہر مسئلے کی چابی ہے۔