
راولپنڈی (بیورورپورٹ) خصوصی عدالت نے شوکت خانم ہسپتال ، نمل یونیورسٹی کے بینک اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے کا حکم دیدیا،راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان کیخلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمے کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی،سماعت کے دوران شوکت خانم ہسپتال کے وکلاء عدالت پیش ہوئے، سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا شوکت خانم کے اکاؤنٹس فریزکرنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست دائر نہیں کی گئی تھی، علیمہ خان کے ذاتی اکاؤنٹس فریز کرنے کیلئے ان کا شناختی کارڈ نمبر سٹیٹ بینک کو بھجوایا گیا تھا جس کے بعد سٹیٹ بینک نے ان کے سی این آئی سی پر رجسٹرڈ تمام اکاؤنٹس بند کر دیئے،پراسیکیوشن کی جانب سے شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کے اکاؤنٹس ڈی فریز کرنے پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تاہم دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں اداروں کے اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیدیا،ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی16نومبر احتجاج کیس میں دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔