
اسلام آباد(بیورورپورٹ) سینٹ نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق بل، فیٹل ایکسیڈنٹس (ترمیمی) بل 2024 سمیت 3بلوں کی متفقہ منظوری دیدی، متعدد پرائیویٹ بل قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے،سینٹ اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا، سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق ترمیمی بل سینٹ میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، فاروق نائیک نے کہا بل کی رو سے گرفتار شخص کو گرفتاری کی تحریری وجوہات بتائی جائیں گی، وکلا کی مدد حاصل ہوگی ، فیملی سے ملاقات کی اجازت اور دوائیاں مل سکیں گی، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسران کو جرمانہ ہوگا،سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے پیش کیا گیا فیٹل ایکسیڈنٹس (ترمیمی) بل بھی متفقہ طور پر منظور،حادثات سے متعلق کیسز کا فیصلہ 6ماہ میں کیا جائیگا، سینیٹر شہادت اعوان کا پیش کردہ لمیٹڈلائیبلیٹی پارٹنرشپ (ترمیمی) بل بھی سینٹ نے منظور کرلیا، پاکستان سائیکالوجیکل کونسل بل، انسداد الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل ، الیکٹرانک نیکوٹین ڈلیوری سسٹمز ریگولیشن بل ، یونیورسٹیوں میں مستحق افراد کیلئے خصوصی نشستیں مختص کرنے سمیت متعددبل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے۔ پاکستان اینیمل سائنس کونسل بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو بھجوانے کی تحریک منظور۔ طلحہ محمود کی بیروزگاری پر قابو پانے کی قراردادمتعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردی گئی۔