10-12-2025

محکمانہ احتساب کے تحت کیسز و اپیلوں کا کیس ٹو کیس جائزہ ، الزامات ثابت ہونے پر تنخواہوںمیں بھی تنزلی
6 سب انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی، 3 ہیڈ کانسٹیبل، 5 کانسٹیبلوں کی نوکری سے برخاست کی سزا ئیں برقرار



اسلام آباد(بیورورپورٹ)سیکرٹری داخلہ و نارکوٹس کنٹرول نے ایف آئی اے کے متعدد افسران اور اہلکاروں کیخلاف احتسابی کارروائی مکمل کرتے ہوئے مختلف سزائیں دینے کے احکامات جاری کر دئیے، یونان کشتی حادثہ 2023 سمیت مختلف معاملات میں غفلت، بدعنوانی اور غیر پیشہ ورانہ رویے پر کئی افسران برطرف، متعدد کی اپیلیں مسترد کر دی گئیں،حکومتی ذرائع کے مطابق سیکرٹری داخلہنے محکمانہ احتساب کے تحت کیسز و اپیلوں کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا ، یونان کشتی حادثہ 2023 میں غفلت کے الزامات ثابت ہونے پر کراچی ایئرپورٹ کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر، 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو برطرف کر دیا جبکہ فیصل آباد ائیرپورٹ کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی یونان کشتی حادثہ 2023 میں غفلت کے الزامات ثابت ہونے پر برطرف کیا گیا،ملتان ایئرپورٹ پر تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر کو انسانی سمگلرز سے مبینہ روابط پر 3 سال کیلئے عہدے اور تنخواہ میں تنزلی کی سزا دی گئی،اسی طرح ناقص تفتیش پر 2 سینئر انویسٹی گیٹرز جبکہ غفلت اور لاپروائی پر ایک اسسٹنٹ ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، 4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک انسپکٹر کو غیر حاضری، غفلت اور ناقص تفتیش پر سزا سناتے ہوئے تنخواہ کے بنیادی پے سکیل میں 1 سے 3 سال کی کمی کی گئی، اسلام آباد ایئرپورٹ پر قیدی کو مس ہینڈل کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انسپکٹر کو سینشور کی سزا سنائی گئی،سیکرٹری داخلہ و نارکوٹس کنٹرول نے 6 سب انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی، 3 ہیڈ کانسٹیبل اور 5 کانسٹیبلز کی اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے نوکری سے برخاست کی سزا کو برقرار رکھا ،غیر حاضری پر ایل ڈی سی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے نوکری سے برخاست کی سزا کو برقرار رکھا گیا،سپرنٹنڈنٹ اور سب انسپکٹر کی اپیل پر پروموشن روکنے کی سزا کو تبدیل کرتے ہوئے سینشور میں تبدیل کر دیا گیا۔