19-01-2026

کنگن پور گریجویٹ کالج کی پرنسپل کے تبادلہ کیخلاف طالبات کا احتجاج
طالبات کے ''ڈاکٹر فاطمہ کا تبادلہ نامنظور اور آئیڈیل پرنسپل واپس دیں ،، کے نعرے

الہ آباد (نمائندہ خصوصی) کنگن پور میں گورنمنٹ چندو بیگم گریجویٹ کالج کی پرنسپل کے تبادلے کے خلاف طالبات کا احتجاج، وزیرِ تعلیم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ چندو بیگم گریجویٹ کالج کنگن پور کی پرنسپل ڈاکٹر فاطمہ کے تبادلے کی خبر سامنے آتے ہی کالج کی درجنوں طالبات سڑکوں پر نکل آئیں اور پرنسپل صاحبہ کے حق میں زبردست احتجاج کیا۔ طالبات نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ''ڈاکٹر فاطمہ کا تبادلہ نامنظور اور ہماری آئیڈیل پرنسپل واپس دیں جیسے نعرے درج تھے۔احتجاج کرنے والی طالبات کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاطمہ ایک محنتی، ایماندار اور بہترین ایڈمنسٹریٹر ہیں جن کے آنے سے کالج کے نظم و ضبط، تعلیمی ماحول اور نتائج میں غیر معمولی بہتری آئی۔ طالبات نے کہا کہ ہم اپنی پرنسپل صاحبہ کو نہیں جانے دیں گے۔
، ان کے آنے کے بعد کالج کا سارا ماحول بدل گیا۔ تبادلہ واپس لیا جائے۔ طالبات نے کنگن پور کی مرکزی سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک بھی کچھ دیر کے لیے معطل کردیا۔ والدین اور مقامی شہری بھی طالبات کے احتجاج میں شامل ہوگئے اور ڈاکٹر فاطمہ کو باصلاحیت اور فرض شناس افسر قرار دیتے ہوئے تبادلہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ طالبات اور شہریوں نے وزیرِ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاطمہ کو کالج میں برقرار رکھا جائے تاکہ طالبات کی تعلیم متاثر نہ ہو اور کالج کی بہتری کا سفر جاری رہے۔