
فاروق آباد( نامہ نگار) شہر میں مرغی کا گوشت کم وزن اور مہنگا، شہری لٹنے پر مجبور۔ فاروق آباد میں مرغی کا گوشت مہنگے داموں اور کم وزن فروخت ہونے کی شکایات روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق ایک کلو مرغی ہو یا دو کلو وزن پوری مرغی، دکاندار دونوں صورتوں میں گاہکوں کو لوٹنے کا نیا طریقہ اختیار کر چکے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ دو کلو وزن والی مرغی کو دو مختلف حصوں میں تقسیم کر کے دو الگ گاہکوں کو فروخت کیا جاتا ہے، مگر دونوں گاہکوں کو پوری مرغی کے برابر پوٹ اور کلیجی دی جاتی ہے، جس سے وزن کم ہونے کے ساتھ ساتھ قیمت زیادہ وصول کی جاتی ہے۔ وہ بھی ایک ہزار گرام کی بجائے 900 گرام کیساتھ۔عوام کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی نے پہلے ہی کمر توڑ رکھی ہے۔
اور دوسری طرف دکانداروں کی من مانیاں صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ اے سی دفتر کا کوئی ذمہ دار افسر چیکنگ کے لیے بازار نہیں آتا، نہ ہی قیمتوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔ پولٹری فروش مکمل آزادی کے ساتھ من چاہی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ دیہی علاقوں میں پچاس سے سو روپے فی کلو زائد ریٹ وصول کیا جارہا ہے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پولٹری مافیا کی لوٹ مار اور کم وزن فروخت کے سلسلے کا خاتمہ ہو سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ جب تک باقاعدہ قیمتوں کی مانیٹرنگ اور وزن کی چیکنگ نہیں ہوگی فاروق آباد کے لوگ اسی طرح لٹتے رہیں گے۔