
پتوکی (سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی کے ہمراہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی کا اچانک دورہ کیا۔ ڈی سی قصور نے ٹراما سینٹر اور مختلف وارڈز میں جا کر انتظامی و طبی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران مریضوں کو فراہم کی جانے والی مفت طبی سہولیات کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا جبکہ مریضوں اور اْن کے لواحقین سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں فیڈبیک بھی حاصل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، واش رومز کی حالت، پینے کے صاف پانی کے انتظام، ویل چیئرز اور سٹریچرز کی موجودگی کے بارے میں تفصیلی پوچھ گچھ کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ساتھ قائم زیر تعمیر ٹراما سینٹر کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو شہریوں کو جدید اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔