17-05-2026

اوقاف پنجاب میں اصلاحات کا عمل شروع، 80 کمرشل سائٹس نیلام ، آمدن میں اضافے کیلئے نیلامی کا عمل مزید شفاف بنایا جائیگا
جامعہ ہجویریہ کو قوی طور پر رواں ماہ کے آخر میںداتا دربار کمپلیکس سے شفٹ کر دیا جائیگا: سیکرٹری وچیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کا انٹرویو



لاہور(قاضی ندیم اقبال، عکاسی: واحد شہزاد ) مذہبی سیاحت کا فروغ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں امنظم انداز میں کام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے،داتا دربار توسیعی منصوبہ کے سبب جامعہ ہجویریہ کو قوی طور پر رواں ماہ کے آخر میںداتا دربار کمپلیکس سے شفٹ کر دیا جائیگا، ادارہ میں کام کرنے والوں کی تعظیم اور کام دکھانے والوں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا آغاز ہو چکا ہے جن ایڈمنسٹریٹرز نے ماہ دسمبر2025 کے اہداف حاصل نہیں کئے ، انہیں مہلت دیدی گئی ہے، آنے والے دنوں میں بتدریج تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی، پنجاب بھر میںکیش بکس ،ہر ہاتھ صاف کرنے والی مشینوں اور استعمال کرنے والوں کی نگرانی کرائی جا رہی ہے، محکمانہ آمدن میں کمی لانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار سیکرٹری وچیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ''مشرق'' کے دورہ کے موقع پر گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل اور ایڈیٹر عاطف سعید سے دوران ملاقات گفتگواور بعد ازاں انٹرویو دیتے ہوئے کیا،ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا لاہور سمیت ملک بھر میں محکمہ اوقاف کی وقف املاک کا جائزہ لیتے ہوئے کمرشل پالیسی متعارف کرائی گئی، اوقاف کی کمرشل پالیسی کا گزٹ نوٹیفیکیشن 22نومبر2023 کو نوٹیفیکیشن جاری ہوا، اب تک 80 کمرشل سائٹس نیلام ہو چکیںجس کے نتیجے میں گڈ ول کی مد میں ادارے کو 57کروڑ60لاکھ36ہزازر روپے،ماہوار کرایہ کی مد میں 1کروڑ51لاکھ61ہزار روپے کی آمدن شروع ہوئی جس میں ہر سال 10فیصد اضافہ بھی ہو گاجبکہ 27کمرشل سائٹس ابھی نیلامی کیلئے دستیاب ہیں، محکمانہ آمدن میں اضافے کیلئے کمرشل سائٹس کی نیلامی کا عمل مزید بہتر اور شفاف بنایا جائیگا، یہی نہیں فیلڈ سٹاف کو محکمانہ اہداف کے حصول کیلئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جن کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جاتا رہے گا، اس حوالے سے اہم ترین اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا مذہبی سیاحت کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، خاص طور پر پاکستان جیسے ملک میں جہاں تاریخی اور مذہبی مقامات کی کثرت ہے، مذہبی سیاحت نہ صرف معاشی استحکام کا سبب بنتی ہے بلکہ ثقافتی تبادلے اور امن کے فروغ کا بھی اہم ذریعہ ہے اور اس سے ملک کی مثبت تصویر دنیا کے سامنے آتی ہے، مذہبی سیاحت کے حوالے سے منظم حکمت عملی تشکیل دے کرپاکستان کیلئے اربوں روپے کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے، اوقاف پنجاب میں اصلاحات کا عمل شروع کیا جا چکا ، سیاحت کی صنعت نے دنیا کے کئی ممالک کی ترقی اور معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان اس حوالے سے نہایت خوش قسمت ہے کہ ہمارے ہاں بلند وبالا پہاڑ اور خوبصورت وادیوں کیساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں،مذہبی سیاحت کے حوالے سے اہم مقامات اور علاقوں کی مقامی آبادیوں کو سیاحتی پالیسیوں میں شامل کر کے شعور اور آگاہی فراہم کرنا ہو گی تاکہ وہ اپنی لاعلمی سے ان بیش بہا وسائل کو نقصان نہ پہنچائیں،مذہبی سیاحت کے اقدام سے جہاں ہمیں بیش قیمت زرمبادلہ حاصل ہو گا وہیں دنیا کو ہماری طرف سے امن اور مذہبی رواداری کا پیغام جائے گا اور دنیا بھر میں پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر ہو گا، ہمارے ہمسایہ ممالک ہندوستان، ایران اور سری لنکا پہلے ہی شعبے میں ہم سے کہیں آگے ہیں اور وہاں مذہبی و ثقافتی مقامات کی سیاحت اربوں ڈالرز کی صنعت بن چکی ہے،جامعہ ہجویریہ کی شفٹنگ کی بابت کیے گئے سوال کے جواب میں سیکرٹری وچیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا جامعہ ہجویریہ کو داتا دربار کمپلیکس کے بالمقابل موجود پناہ گاہ میں شفٹ کرنے کا منصوبہ تھا تاہم ٹیپا کے ذمہ داروں نے حکومت پنجاب کو باور کرایا پناہ گاہ میں مدرسہ کو شفٹ کرنے سے توسیعی منصوبہ کی رفتار میں کمی واقع ہو جائے گی، پناہ گاہ کو مسمار کر کے ہی توسیعی منصوبہ بر وقت مکمل کیا جا سکتا ہے،لہذا جامعہ ہجویریہ کو قرآن کمپلیکس اینڈ سیرت سٹیڈیز اور دربار حضرت میاں میر کے ساتھ موجود کمپلیکس میں سے کسی ایک جگہ پر شفٹ کیا جائے گا جہاں اساتذہ اور طلباء کیلئے ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی،ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کیش بکس پر ہاتھ صاف کرنے اور کرانے والوں کی نشاندہی ہو چکی ہے، وقت گزرنے کیساتھ ساتھ اس حوالے سے معاملات سب کے سامنے آ جائیں گے، دربار حضرت داتا گنج بخش ، دربار حضرت بی بی پاکدامن ، دربار حضرت پیر مکی، دربار حضرت شاہ جمال، دربار حضرت میاں میر ، دربار حجرت بابابلھے شاہ ، دربار حضرت بابا فرید سمیت تمام بڑے وقف مزارات، اور بادشاہی مسجد سمیت تمام اہم اورمساجد پر موجودکیش بکس کی آمدن میں کمی کرنے والوں اور کرانے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔