
پتوکی (سٹی رپورٹر )پتوکی کے علاقے بھیڈیاں چک 35 میں قبروں کی بے حرمتی کا نہایت سنگین، دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ پیش آیا، جہاں سردار اللہ یار اور اس کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے اصغر اور اصف کی دادی سمیت بھتیجے کی قبریں مسمار کر دیں۔ یہ اقدام نہ صرف شرعاً حرام بلکہ پاکستانی قانون کے تحت سنگین قابلِ سزا جرم ہے۔متاثرہ خاندان کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان زمین کا پرانا تنازعہ چلا آ رہا ہے، جس کے تناظر میں ملزمان نے مبینہ طور پر دباؤ ڈالنے اور انتقام کی نیت سے قبروں کی بے حرمتی کی۔واقعے کے فوراً بعد 15 پر کال کی گئی، پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور فریقین کو تھانے طلب کیا گیا۔ رات گئے ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور ڈی ایس پی کی اجازت سے ایف آئی آر کے اندراج کی یقین دہانی کروائی۔تاہم اگلے روز متاثرہ خاندان کا الزام ہے کہ ایس ایچ او نے ملزمان سے مبینہ سازباز کرتے ہوئے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا اور قبریں دوبارہ بنوانے کی پیشکش کر کے معاملہ دبانے کی کوشش کی گئی۔
متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی شیخوپورہ رینج اور ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملزمان اور مبینہ طور پر ملوث پولیس افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ قانون کی بالادستی اور انصاف یقینی بنایا جا سکے۔