19-02-2026

بابا بلھے شاہ ہسپتال قصور میں کارڈیوٹو کو گرافی مشین کی تنصیب
زچگی کے دوران پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے گی

قصور(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن بہتر صحت سب کے لیے اور ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایات کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال بابا بلھے شاہ ہسپتال قصور میں جدید ترین کارڈیو ٹوکوگرافی (CTG) مشین کی تنصیب کر دی گئی ہے۔ یہ ایک جدید ترین کورین کارڈیوٹوکوگرافی (CTG) مشین ہے۔ اس جدید مشین کی مدد سے حاملہ خواتین میں زچگی کے دوران پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے گی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بابا بلھے شاہ ہسپتال قصور، ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع قصور کے مرکزی ہسپتال کے لیبر روم میں حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کی بہتر نگہداشت کے لیے جدید کارڈیو ٹوکوگرافی (سی ٹی جی) مشین نصب کی گئی ہے۔ یہ مشین ماں کے پیٹ میں موجود بچے کی دل کی دھڑکن اور مجموعی حالت کو درست اور مسلسل مانیٹر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
، جس سے زچگی کے دوران پیچیدگیوں کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے گی۔ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ نے مزید کہا کہ سی ٹی جی مشین کی مدد سے ڈاکٹروں کو حاملہ خواتین کے پیٹ میں موجود بچے کی صحت کے بارے میں فوری اور مستند معلومات حاصل ہوں گی، جس کی بنیاد پر بہتر، محفوظ اور بروقت طبی فیصلے کیے جا سکیں گے۔ اس جدید سہولت کے ذریعے ماں اور بچے دونوں کی جان بچانے کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور زچگی کے دوران ممکنہ خطرات میں کمی آئے گی۔