19-02-2026

حکومت 5لاکھ خاندانوں کیلئے گھر تعمیر کریگی، سلطان طارق باجوہ
“اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام عوامی فلاح کیلئے عزم کی روشن مثال ہے، میڈیا سے گفتگو

سانگلاہل(تحصیل رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ہائوسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سلطان طارق باجوہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شروع کئے گئے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام سے صرف 12 ماہ کی قلیل مدت میں ایک لاکھسے زائد مستفید خاندانوں کا ہدف مکمل کر لیا گیا ، جو پروگرام کی غیر معمولی کامیابی کا مظہر ہے،حکومت پنجاب 5 سالوں میں 5لاکھ خاندانوں کیلئے گھر تعمیر کرے گی، وہ باجوہ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ،اس موقعہ پر چوہدری عمران بوبک،چوہدری افضال احمد کاہلوں اور چوہدری شاہد ورک بھی موجود تھے، بیرسٹر سلطان طارق باجوہ نے مزید کہا کہ“اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام نہ صرف کم آمدن والے طبقات کو چھت فراہم کر رہا ہے بلکہ انہیں ایک محفوظ اور باعزت زندگی کی ضمانت بھی دے رہا ہے۔
، بچے، بوڑھے اور نوجوان سب اس عوامی منصوبے کے معترف ہیں، جو عوامی فلاح کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عزم کی روشن مثال ہے،انہوں نے کہا کہ اب تک پروگرام کے تحت 64 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور پہلی قسط میں 1,21,480 قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جلد 21,390 خاندانوں کو دوسری قسط فراہم کی جائے گی جبکہ 18,240 نئے منظور شدہ قرضہ جات بھی جلد جاری کیے جائیں گے، پروگرام کے تحت اب تک 5 ارب 53 کروڑ روپے کی ریکوری مکمل کی جا چکی ہے، اور شفاف، تیز اور مؤثر عملدرآمد جاری ہے۔،شہر و دیہاتی علاقوں میں گھروں کی تعمیر مسلسل جاری ہے اور مستحق خاندانوں تک رسائی کے لیے صوبہ بھر میں دفاتر قائم ہیں،آن لائن درخواست کا طریقہ کار بھی انتہائی آسان بنایا گیا ہے تاکہ ہر خاندان اپنا خواب اپنی چھت کے تحت حقیقت میں بدل سکے۔