19-02-2026

ڈسکہ شہر میں نصب جدید کیمروں سے ای چالان کا اجرا
موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کا استعمال پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا

ڈسکہ (نامہ نگار) ہیلمٹ کا استعمال کریں، احتیاط میں ہی بچت ہے، ڈسکہ میں ای چالان سسٹم فعال، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈسکہ شہر میں نصب جدید کیمروں کے ذریعے ای چالان کا اجرا کر دیا گیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال اب پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈسکہ۔سیالکوٹ موٹر وے انٹرچینج کے قریب نصب کیمرے فعال کر دیے گئے ہیں، جن کی مدد سے ٹریفک پولیس ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والوں کو خودکار نظام کے تحت ای چالان جاری کر رہی ہے۔ سینیئر صحافی محمد امین خاں نے تصدیق کی ہے کہ ای چالان جمع کروانے کے لیے کم از کم 10 دن کی مہلت دی جا رہی ہے۔
، تاہم اس دوران اگر ایک سے زائد مرتبہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی کی گئی تو ہر مرتبہ الگ چالان موصول ہو سکتا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔ انتظامیہ نے ڈسکہ اور سیالکوٹ کے گردونواح کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لیے لازماً ہیلمٹ استعمال کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف ٹریفک نظم و ضبط بہتر ہو گا بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ بھی ممکن بنایا جا سکے گا۔ تصویر ہمراہ