
قصور(بیورورپورٹ) قصور مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے۔ ای بسوں کی فراہمی سمیت دیگر اضلاع میں ملنے والی سہولیات سے قصور کی عوام کو محروم رکھنے سے ورکروں میں مایوسی پیدا ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف قصور میں ای بسوں کی فراہمی یقینی بناکر مسلم لیگ ن لیگ کے کارکنوں کا سر فخر سے بلند کریں۔ ان خیالات کااظہار یوتھ ونگ لاہور ڈویژن کے سنیئر نائب صدر چوہدری محمداصغر نے یوتھ ونگ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ قصور کی عوام میں ہر الیکشن میں ثابت کیاہے کہ قصور مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔ ہر الیکشن میں عوام نے میاں محمدنوازشریف، میاں محمدشہباز شریف کے نامزد امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔
جومیاں برادران کے سپاہی ہیں ان کو ذاتی مفاد لینے کی عادت نہیں مگر عوام کے مسائل کو حل کرنا اپنا اخلاقی فرض سمجھتے ہیں کیونکہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نوازشریف نے اپنے ذاتی مفاد کی بجائے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے اپنے ہر ادوار میں ملک کو ترقی اور عوام کو خوشحالی کی جانب گامزن کیا ہے۔ چوہدری محمداصغر نے مزید کہاکہ مسلم لیگ ن کے ورکرز پنجاب حکومت کے ثمرات کو عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ اب ورکرز عوام کی آواز کو اپنے قائدین تک پہنچا رہے ہیں کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ای بسوں کی سروس شروع ہوچکی ہے۔ قصور کی عوام کو بھی ای بسوں کی سہولت دینی چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے مطالبہ کیاہے کہ جس طرح پنجاب حکومت ہر شعبہ کے ثمرات عوام تک پہنچا رہی ہے اسی طرح قصور کی عوام کو ای بسوں کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔