
ملک وال (تحصیل رپورٹر)صابری محلہ سڑک کی تعمیر جاری مگر پانی کے چھڑکاؤ نہ ہونے سے عوام پریشان، انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل صابری محلہ سے چک رائب تک جاری سڑک کی تعمیر کے دوران شدید گرد و غبار نے علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ روزانہ گزرنے والے شہریوں، بالخصوص سکول جانے والے بچوں اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی افراد کے مطابق سڑک کی تعمیر کا عمل قابلِ ستائش ہے، تاہم پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ نہ ہونے کے باعث مٹی اور دھول ہر وقت فضا میں معلق رہتی ہے۔
، جس سے سانس کی تکالیف اور دیگر صحت کے مسائل بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح اور دوپہر کے اوقات میں جب بچوں کی سکول آمد و رفت ہوتی ہے، صورتحال انتہائی تشویشناک ہو جاتی ہے۔علاقہ مکینوں نے ''صاف ستھرا پنجاب'' مہم اور متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے تاکہ گرد و غبار پر قابو پایا جا سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔شہریوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی سڑکوں کی تعمیر ہوتی ہے وہاں پانی کا چھڑکاؤ معمول کا حصہ ہوتا ہے، لہٰذا یہاں بھی اس عمل کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔