
اس موقع پر اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بارے تبادلہ خیال
لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کے روز چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے مرکزی علماء کونسل پاکستان کے وفد نے چیئرمین مولانا زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا اعظم فاروق، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شبیر احمد عثمانی، مرکزی صدر پنجاب مولانا مشتاق لاہوری، چیئرمین پاکستان علماء و مشائخ پیر علامہ زبیر عابد، سینئر نائب صدر مولانا عبدالسفیان حنفی، مرکزی صدر مولانا حبیب الرحمن، بیرسٹر افضل، حافظ قاری حسنین عابد، صاحبزادہ حسین قاسمی، حافظ عبدالمنان، شاہنواز فاروقی، صاحبزادہ حافظ علی عابد و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی جی اوقاف انیس الرحمن، سی سی او سنٹر آف ایکسی لینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم غلام صغیر شاہد، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیٹو عبدالرؤف، اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت، سابق سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ایس ایس پی سی ٹی ڈی و سپیشل برانچ، ڈاکٹر احمد خاور شہزاد اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اتحاد بین المسلمین اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں مرکزی علماء کونسل پاکستان کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ ہمارے لئے پاکستان کی سالمیت سب سے اہم ہے۔ محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے محکمہ داخلہ کی ورکنگ جلڈ مکمل کر لی جائیگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اللہ رب العزت نے پاکستان کو عالمی سطح پر امن کے داعی کی حیثیت میں پذیرائی بخشی۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام انتہائی بردباری اور بہترین اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی بہترین حکمت عملی کے باعث ہر نازک موقع پر حالات قابو میں رہے۔ قیامِ امن کیلئے باہمی اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ معزز علماء کرام سے ہمیشہ راہنمائی حاصل کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مدارس کی رجسٹریشن کیلئے علمائ کرام کی مشاورت سے کام کر رہے ہیں۔ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تمام مکاتبِ فکر سے مکمل راہنمائی حاصل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ قیام امن کی خاطر ریاست کو تمام مکاتب فکر کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ قیام امن اور باہمی اتحاد و اتفاق کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کی خاطر اپنی مخلصانہ خدمات پیش کرتے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر وطن عزیز اور عالم اسلام کیلئے دعا کی گئی۔