09-06-2026

مال روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ، سگنل فری منصوبوں سے خریداروں کو مشکلات ،آن لائن تجارت سے کاروبارٹھپ ہو گیا
پارکنگ ناکافی، معلوماتی ڈیسک ناگزیر،پینوراما سنٹر کو باقاعدہ ''شاپنگ سیاحت مرکز''قرار دیا جائے،تاجروں کا مطالبہ

لاہور(رپورٹ: نعیم جاوید) مال روڈ پر واقع تاریخی وتجارتی اہمیت کے حامل پینوراما شاپنگ سنٹر کے مسائل جوں کے توں ،تاجروں نے ''مشرق'' سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا ٹریفک کے مسائل، پارکنگ کی کمی، تجاوزات، بجلی کی بندش اور سکیورٹی خدشات بدستور موجود ہیں، مال روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ اور سگنل فری منصوبوں کے باعث خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،مارکیٹ میں قائم گھڑیوں، ملبوسات، جوتوں اور دیگر اشیائکی دکانوں کے مالکان نے کہا آن لائن تجارت کے بڑھتے رجحان کے باعث روایتی مارکیٹوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، حکومت پارکنگ نظام کو مزید بہتر بنائے، صفائی کے انتظامات مستقل بنیادوں پر کیے جائیں اور مارکیٹ میں جدید نگرانی کا مربوط نظام قائم کیا جائے، پینوراما پارکنگ کمپلیکس موجود ہونے کے باوجود رش کے اوقات میں پارکنگ ناکافی ثابت ہوتی ہے، اس لیے مزید پارکنگ فلورز اور آسان رسائی کے راستے بنائے جائیں، اگر حکومت مال روڈ اور پینوراما سنٹر کے اطراف پیدل چلنے والوں کیلئے خصوصی واکنگ زون، بہتر روشنی اور خاندانی ماحول فراہم کرے تو کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ممکن ہے،تاجروں نے تجاویز دیتے ہوئے کہا پینوراما سنٹر کو باقاعدہ ''شاپنگ سیاحت مرکز''قرار دیا جائے، مارکیٹ کی تزئین و آرائش کی جائے، بیرونی اضلاع سے آنے والے خریداروں کے لیے معلوماتی ڈیسک قائم ہوں اور تاجروں کو آسان شرائط پر کاروباری قرضے فراہم کیے جائیں۔