27-05-2026

ساہیوال جیل میں چیف منسٹر پریزنرز لٹریسی پروگرام کا آغاز
پروگرام کا مقصد قیدیوں کو بنیادی خواندگی فراہم کر کے مفید شہری بنانا ہے

ساہیوال(بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں نا خواندہ قیدیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے 'چیف منسٹر پریزنرز لٹریسی پروگرام' کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد قیدیوں کو بنیادی خواندگی فراہم کر کے انہیں معاشرے کا مفید اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔ اس سلسلہ میں سنٹرل جیل ساہیوال میں نا خواندہ قیدیوں کی ابتدائی تعلیمی جانچ کا انعقاد کیا گیا، 56 لرنر کی اسسمنٹ مکمل کی گئی جبکہ کل 60 لرنر کی اسسمنٹ کی جائے گی۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات ساہیوال ڈویژن کامران انجم، سپرنٹنڈنٹ جیل نوید اشرف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میڈم شازیہ اقبال، لٹریسی موبلائزر سرفراز کاٹھیا، محمد سعید چوہان اور رانا فقیر حسین رضوانی نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس پروگرام کو وزیراعلی پنجاب کا ایک اہم اور اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم قیدیوں کی اصلاح اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات کامران انجم نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے نا خواندہ قیدیوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ایک قابل تحسین اقدام ہے جس سے قیدیوں میں شعور، اعتماد اور مثبت طرز فکر کو فروغ ملے گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی شازیہ اقبال نے بتایا کہ محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے قیدیوں کی تعلیمی جانچ، اساتذہ کے تعیناتی اور تدریسی سرگرمیوں کو موثر انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دسمبر 2025 میں قائم کئے گئے 5 تعلیمی سنٹرز کی فائنل اسسمنٹ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن پنجاب بھر میں آؤٹ آف سکول بچوں اور ناخواندہ افراد کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کے لیے موثر کردار ادا کر رہا ہے جبکہ جیلوں میں جاری یہ پروگرام شرح خواندگی میں اضافے اور معاشرتی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔