
لاہور( اپنے نمائندے سے)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے لاہور کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری علیم الدین شاکر، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا حافظ محمداشرف گجر،مولانامحبوب الحسن طاہر،مولانا عبدالعزیز، مولانا سید عبداللہ شاہ، مولانا خالد محمود، مولانا سعید وقار، مولانا زبیر جمیل، مولانا سمیع اللہ نے سیرت حضرت عمر کے موضوع پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عمر فاروق عدل وانساف کے پیکر تھے،ملک عزیزسے بدامنی کے خاتمے کے لیے عدل فاروقی کو اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عمر کا طرز حکمرانی تمام مسلمان حکمرانوں کے مشعل راہ ہے،آپ کی انسانیت کے خدمات قابل تقلید ہیں۔اسلام کی اشاعت میں آپ کا کردار مثالی ہے۔حضرت عمر فاروق کو آپ ۖسے والہانہ عقیدت ومحبت تھی ترویج اسلام کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔علماء کرام نے کہا کہ جب آپ منصب خلافت پر فائز ہوئے تو عدل وانصاف کی عمدہ مثال قائم کی۔ڈاک پولیس اور دیگر محکمے بنائے۔حضرت عمر مراد پیغمبر ہیں،اسلام کی تقویت کے لیے حضور ۖ نے آپ کو بارگاہ الٰہی سے مانگا تھا۔وطن عزیزسے ہر بحران کا خاتمہ حضرت عمر فاروق کے طرز حکمرانی کو اپنانے سے ہی ممکن ہے۔علماء کرام نے کہا کہ حضور ۖ نے ارشاد فرمایا کہ میرے بعد اگر کو ئی نبی ہوتا تو وہ حضرت عمرہوتے،جب حضرت عمر جیسے جلیل القدر صحابی وہ نبی نہ بن سکے توآج جھوٹے مدعیان نبوت کو مسلمان کیسے برداشت کر سکتے ہیں۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جن کی اسلام کے لئے روشن خدمات، جرات و بہادری، عدل و انصاف پر مبنی فیصلوں، فتوحات اور شاندار کردار اور کارناموں سے اسلام کا چہرہ روشن ہے ۔