
لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان ٹریڈرز الائنس کے صدر عاصم ارشاد خان، جنرل سیکرٹری شہزاد چوہان اور جوائنٹ سیکرٹری محمد امان اللہ خان نے وفاقی بجٹ 2026-27، ملک کی موجودہ کاروباری صورتحال اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں تاجر برادری، صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کا موثر حل پیش کیا جانا چاہیے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور ملکی معیشت مزید مستحکم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ تاجروں کا اعتماد بحال ہو اور سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے لاہور چیمبر کے انتخابات کے حوالے سے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت تاجر برادری کے مسائل کو موثر انداز میں اجاگر کرتے ہوئے کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ رہنماوں نے کہا کہ سیاسی استحکام ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت پنجاب کو چاہیے کہ تاجروں کو درپیش مشکلات کے خاتمے، کاروباری تحفظ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ٹریڈرز الائنس تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔