
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس کا شہریوں کے تحفظ اور محفوظ سفری سہولیات کے فروغ کے لیے اہم اقدام، آن لائن کیب سروسز میں مرحلہ وار سی ایم پنجاب QR پینک بٹن، ڈیش کیم اور GPS ٹریکر کی تنصیب کا فیصلہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی آن لائن ٹیکسی کمپنیوں کے نمائندوں سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں شہریوں خصوصاً خواتین کے تحفظ کے لیے جدید سکیورٹی فیچرز کو لازمی قرار دینے پر اتفاق کیا گیا۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ تمام آن لائن کیب کمپنیوں کو جلد از جلد اپنی گاڑیوں میں QR پینک بٹن، ڈیش کیم اور ٹریکرز نصب کرنا ہوں گے، جبکہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹریکنگ سسٹم اور کیمرہ ٹیکنالوجی سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوگی، جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی اور کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات میں شفافیت آئے گی۔چیف ٹریفک پولیس آفسیر نے مزید کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس آن لائن کیب کمپنیوں کو سی ایم پنجاب QR پینک بٹن کی تنصیب میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات میسر آ سکیں۔سی ٹی او لاہور کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ اقدامات نہ صرف شہری تحفظ کو مزید مضبوط بنائیں گے بلکہ لاہور میں سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور محفوظ سفر کے وڑن کو بھی تقویت دیں گے۔